



بھکر کمشنر سرگودہا ڈویژن حافظ شوکت علی نےریجنل پولیس آفیسرآصف شہزاد کے ہمراہ ضلع بھکر کا خصوصی دورہ کیا۔انہوں نے محرم الحرام کے انتظامات،سیکیورٹی پلان اور جلوس و مجالس کے روٹس کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر انہوں نے شہر کے مختلف حساس مقامات،مرکزی جلوس روٹس اور تعزیہ گاہوں کا معائنہ کیا۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر احسان علی جمالی،ڈی پی او شہزاد رفیق اعوان،ضلعی انتظامیہ، پولیس افسران، صدر انجمن تاجران رانا محمد اشرف، مرکزی لائسنسدار جلوس و مجالس سید قلب عباس نقوی،ضلعی امن کمیٹی کے اراکین اوردیگر متعلقہ شخصیات بھی موجود تھیں۔کمشنر سرگودہا ڈویژن حافظ شوکت علی نے موقع پر انتظامی افسران کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران سٹریٹ لائٹس کی مکمل بحالی،صفائی ستھرائی،ٹریفک مینجمنٹ، سبیلوں کے قیام اور عزاداران کے لیے ٹھنڈے و میٹھے پانی سمیت دیگر بنیادی سہولیات کو ہرصورت یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے پرامن انعقاد کے لیے تمام ادارے باہمی رابطے اور مکمل ہم آہنگی کے ساتھ فرائض انجام دیں تاکہ ضلع میں مثالی امن و امان برقرار رکھا جا سکے۔اس موقع پر آر پی او آصف شہزاد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے لیے تیار کردہ سیکیورٹی پلان پربھرپور عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے ہدایت کی کہ تمام جلوسوں اور مجالس کے مقامات پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی مکمل فعالیت برقرار رکھی جائے اور تمام جلوسوں اور مجالس کے مقامات کی مرکزی کنٹرول روم سے مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران جدید مانیٹرنگ سسٹم،پولیس گشت اور مربوط سیکیورٹی اقدامات کے ذریعے امن و امان کی صورتحال پر کڑی نظر رکھی جائے گی