
محرم الحرام کے دوران امن و امان، بین المسالک ہم آہنگی اور شہری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے: محمد احسن ناغڑ
حیدرآباد: استحکام پاکستان آرگنائزیشن (آئی ایس پی او) کے چیئرمین محمد احسن ناغڑ نے محرم الحرام کی آمد کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ محرم الحرام اسلامی تاریخ کا ایک عظیم اور مقدس مہینہ ہے جو ہمیں حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی لازوال قربانیوں، حق و صداقت، صبر و استقامت اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے۔ اس مقدس مہینے کے دوران امن و امان کے قیام، بین المسالک ہم آہنگی، مذہبی رواداری اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے حکومت، قانون نافذ کرنے والے اداروں، مذہبی رہنماؤں، سول سوسائٹی اور عوام کو مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا محمد احسن ناغڑ نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران منعقد ہونے والی ذکر امام حسین کی محافل ،مجالس اور جلوسوں کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ جلوسوں کے روٹس پر اسٹریٹ لائٹس، صفائی ستھرائی، پینے کے صاف پانی، طبی امداد، ایمبولینس سروس، ٹریفک مینجمنٹ اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، بلدیاتی ادارے، پولیس، رینجرز، ریسکیو ادارے اور متعلقہ محکمے باہمی رابطے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کریں اور تمام انتظامات کی مسلسل نگرانی کریں۔ خصوصاً نشیبی علاقوں میں نکاسی آب، بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور صفائی کے انتظامات کو ترجیح دی جائے تاکہ عوام کو سہولت میسر آسکے۔چیئرمین آئی ایس پی او نے علماء کرام، مشائخ عظام اور مذہبی رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ اپنے خطابات اور بیانات میں اتحادِ امت، صبر، برداشت، احترامِ انسانیت اور قومی یکجہتی کا پیغام عام کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مختلف مسالک، قومیتوں اور ثقافتوں کا خوبصورت گلدستہ ہے، اور ہمیں ہر قیمت پر اپنے اتحاد و اتفاق کو برقرار رکھنا ہوگا۔محمد احسن ناغڑ نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ محرم الحرام کے دوران رضاکارانہ خدمات، ٹریفک کی بہتری، صفائی مہمات اور شہری معاونت کے ذریعے اپنی قومی اور سماجی ذمہ داریوں کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کا مثبت کردار معاشرے میں امن اور ہم آہنگی کے فروغ میں اہم ثابت ہوسکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا صارفین غیر مصدقہ خبروں، افواہوں، اشتعال انگیز مواد اور فرقہ وارانہ بیانات کے پھیلاؤ سے گریز کریں اور ذمہ دارانہ طرز عمل اختیار کریں۔ امن و امان کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہونی چاہیے تاکہ ملک میں استحکام اور بھائی چارے کی فضا برقرار رہے۔محمد احسن ناغڑ نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانی پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ ان کی جدوجہد ہمیں حق، انصاف، حریت، ایثار اور انسانیت کی خدمت کا پیغام دیتی ہے۔ محرم الحرام کے موقع پر ہمیں ان عظیم اقدار کو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں میں اپنانے کا عہد کرنا چاہیے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ استحکام پاکستان آرگنائزیشن (آئی ایس پی او) ملک میں امن، مذہبی ہم آہنگی، قومی یکجہتی، خدمتِ انسانیت اور نوجوانوں کی مثبت کردار سازی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی تاکہ ایک مضبوط، پرامن، ترقی یافتہ اور مستحکم پاکستان کی تعمیر کا خواب شرمندۂ تعبیر ہوسکے۔
جاری کردہ :
ترجمان
استحکام پاکستان آرگنائزیشن (ISPO)