ڈویژنل کمشنر حیدرآباد فیاض حسین عباسی کی زیر صدارت محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی اور شہری سہولیات کے انتظامات کا جائزہ

ڈویژنل کمشنر حیدرآباد فیاض حسین عباسی کی زیر صدارت محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی اور شہری سہولیات کے انتظامات کا جائزہ لینے اور انہیں حتمی شکل دینے کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس ان کے دفتر شہباز بلڈنگ حیدرآباد میں منقعد ہوا۔ اجلاس میں ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران کو ہدایت کی گئی کہ مقدس مہینے کے دوران امن و امان، مذہبی ہم آہنگی اور پرامن ماحول کو یقینی بنایا جائے۔اجلاس میں پولیس، رینجرز، انٹیلی جنس اداروں، محکمہ صحت، حیسکو، ایس ایس جی سی، ریسکیو 1122، بلدیاتی اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی، جبکہ بدین، دادو، جامشورو، مٹیاری، سجاول، ٹھٹھہ، ٹنڈو الہیار اور ٹنڈو محمد خان کے ڈپٹی کمشنرز اور سینئر سپرنٹنڈنٹس آف پولیس (ایس ایس پیز) ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل کمشنرحیدرآباد فیاض حسین عباسی نے تمام ڈپٹی کمشنرز اور ایس ایس پیز کو ہدایت کی کہ وہ محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے اپنی تفصیلی تیاریوں اور منصوبہ بندی سے آگاہ کریں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اضلاع میں مجالس اور جلوسوں کی تعداد، سیکیورٹی تعیناتی کے منصوبوں اور انتظامات کے متعلق بریفنگ دی۔ کمشنر حیدرآباد نے مجالس اور جلوسوں کے اوقات میں بجلی اور گیس کی بلا تعطل فراہمی کی ضرورت پر زور دیا اور حساس علاقوں میں اضافی سیکیورٹی اقدامات کی اہمیت اجاگر کی۔اجلاس میں ٹریفک مینجمنٹ، ہنگامی ردعمل، طبی سہولیات اور شہری و قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان رابطہ کاری کے متبادل منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ایس ایس پی بدین نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ محرم کے دوران سوشل میڈیا کے غلط استعمال اور جعلی خبروں سے سنگین چیلنجز پیدا ہو سکتے ہیں جس کے لیے نفرت انگیز مواد اور اشتعال انگیز آن لائن سرگرمیوں کی بروقت نگرانی، تدارک اور خاتمے کے لیے مو¿ثر نظام کی ضرورت ہے۔ایس ایس پی مٹیاری نے بتایا کہ ہالا اور مٹیاری میں محرم کے دوران امن و امان برقرار رکھنے اور سیکیورٹی کو مزید موثربنانے کے لیے اضافی پولیس نفری اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو تعینات کیا گیا ہے۔
اس موقع پر ڈی آئی جی پولیس حیدرآباد فیصل عبداللہ چاچڑ نے ڈپٹی کمشنر دادو کو ہدایت کی کہ بلوچستان سے ملحقہ سرحدی علاقوں میں سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کیے جائیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔پاکستان آرمی، رینجرز، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام نے محرم کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے مکمل تیاری اور باہمی رابطہ کاری کی یقین دہانی کرائی۔ حیسکو، ریسکیو 1122 اور محکمہ صحت سمیت شہری اداروں کے نمائندوں نے بھی اس عزم کا اظہار کیا کہ مقدس مہینے کے دوران ہنگامی اور ضروری خدمات کو ہائی الرٹ رکھا جائے گا۔بعد ازاں ڈویژنل کمشنر نے تمام متعلقہ محکموں کے درمیان قریبی رابطہ کاری پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ محرم الحرام میں ماتمی جلوسوں اور مجالس کے پرامن انعقاد کے لیے تمام سیکیورٹی اور دیگر انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں۔

Comments

No comments yet. Why don’t you start the discussion?

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *