ننکانہ صاحب (بیورورپورٹ) ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راﺅنے کہا ہے کہ 10 دسمبر 2024 سے ضلع بھر میں شاپر بیگ کے استعمال پر مکمل پابندی ہوگی۔ سنگل یوز شاپر بیگ کے بنانے، فروخت کرنے پر مکمل بین ہوگا۔ ضلعی انتظامیہ اور تاجر برادری ضلع کو شاپر فری بنانے کے لئے پر عزم ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب نے انسانی جانوں کے تحفظ، ماحول کو آلودگی سے پاک رکھنے کے لئے ہلکی کوالٹی کے پلاسٹک پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ ہم سب کو اس ماحول دوست اقدام کو کامیاب بنانے کے لئے اجتماعی کوشش کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری سنگل یوز شاپر بیگ کا استعمال ترک کر دیں اور اشیاء متبادل بیگ، تھیلوں میں فروخت کریں۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری نے شاپر کے خاتمہ کے لئے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ماحول کو صاف ستھرا بنانے کے لیے شہریوں کا تعاون ناگزیر ہے۔