
ٹنڈو محمد خان ڈویژنل کمشنر حیدرآباد فیاض عباسی نے آج جاری انسداد پولیو مہم کے دوران ضلع ٹنڈو محمد خان اور بدین کے تعلقہ ماتلی کے مختلف علاقوں، ٹرانزٹ اور فکسڈ پوائنٹس، ای پی آئی مراکز، روٹین امیونائزیشن مراکز، او ٹی سی سائٹس برائے غذائی قلت (Malnutrition) اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال ٹنڈو محمد خان، سول اسپتال ماتلی کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈی آئی جی حیدرآباد طارق رزاق دھاریجو، ڈپٹی کمشنر ٹنڈو محمد خان دھرموں بھاوانی، ڈپٹی کمشنر بدین، ایس ایس پی ٹنڈو محمد خان ایس ایس پی بدین، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر صادق خواجہ اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر شہلا رضا سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ دورے کے دوران ڈویڑنل کمشنر حیدرآباد نے فیلڈ میں موجود انسداد پولیو ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلانے کے عمل کی نگرانی کی۔ انہوں نے بس اسٹینڈز، اسپتالوں، داخلی و خارجی راستوں اور دیگر اہم مقامات پر قائم انسداد پولیو پوائنٹس کا بھی معائنہ کیا، جہاں مسافروں کے ہمراہ آنے والے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو ویکسین دی جا رہی تھی۔ انہوں نے عملے کو ہدایت کی کہ ہر بچے تک رسائی یقینی بنائی جائے تاکہ کوئی بھی بچہ انسدادپولیو کے قطروں سے محروم نہ رہے۔ ڈویژنل کمشنر حیدرآباد نے اس موقع پر کہا کہ پولیو کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور اس ضمن میں کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو لازمی پولیو سے بچاو¿ کے قطرے پلوائیں. ڈپٹی کمشنر ٹنڈو محمد خان و بدین نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر میں گھر گھر مہم سمیت مختلف مقامات پر فکسڈ اور ٹرانزٹ پوائنٹس فعال ہیں، جہاں تربیت یافتہ عملہ خدمات انجام دے رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہم کی مو¿ثر نگرانی کے لیے افسران فیلڈ میں مسلسل متحرک ہیں۔ آخر میں محکمہ صحت کے حکام نے مہم کی پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلع ٹنڈو محمد خان اور بدین کو پولیو فری بنانے کے لیے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
