
لکراچی:( رپورٹ: محمد حسین سومرو) ڈی آئی جی ایسٹ زون ڈاکٹر فرخ علی کی زیرِ صدارت ہفتہ وار کرائم میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں ضلعی و انویسٹی گیشن ونگ کے ایس ایس پیز، ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔
اجلاس میں گٹکا، ماوا، منشیات فروشی، شیشہ بارز، غیر قانونی ریسٹ ہاؤسز اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈی آئی جی ایسٹ نے ہدایت دی کہ منشیات فروشوں، سہولتکاروں اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز اور فوری کارروائیاں عمل میں لائی جائیں۔
ٹاسک فورس کو انٹیلی جنس بیسڈ ٹارگٹڈ آپریشنز مزید تیز کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔ ڈی آئی جی ایسٹ نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور قانون کی عملداری ہر صورت یقینی بنائی جائے۔
