
سرگودھا نیازی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج سرگودھا میں وائٹ کوٹ تقریب کا پروقار انعقاد کیا گیا، جس میں ایم بی بی ایس کے آٹھویں بیچ اور بی ڈی ایس کے چوتھے بیچ کے 150 طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ تقریب میں اساتذہ، والدین اور معزز مہمانوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ تقریب میں چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالغفور نیازی، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید شعیب حسین شاہ، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری، پرنسپل نیازی میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سید حیدر رضا، وائس پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر آصف زمان، پرنسپل نیازی ڈینٹل کالج ڈاکٹر تیمصب فراز طیب اور وائس پرنسپل ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر فرحان ریاض نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب کے دوران طلبہ و طالبات کو وائٹ کوٹ پہنائے گئے جو شعبۂ طب میں ان کے عملی سفر کے آغاز، ذمہ داری اور انسانیت کی خدمت کے عزم کی علامت ہیں۔ اس موقع پر طلبہ و طالبات سے حلف بھی لیا گیا، جس میں انہوں نے عہد کیا کہ وہ اپنے پیشے کو دیانتداری، خلوص، اعلیٰ اخلاقیات اور انسانیت کی خدمت کے جذبے کے ساتھ ادا کریں گے۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وائٹ کوٹ صرف ایک لباس نہیں بلکہ اعتماد، فرض شناسی اور مریضوں کی خدمت کے عہد کی علامت ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں محنت، دیانتداری اور انسان دوستی کو اپنا شعار بنائیں۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء نے کامیاب اور شاندار تقریب کے انعقاد پر کالج انتظامیہ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
