
محرم الحرام کے انتظامات: ڈپٹی کمشنر و ڈی پی او سرگودھا کا انجمن تاجران کے ساتھ اہم اجلاس
سرگودھا (13 جون 2026) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صہیب اشرف کی زیر صدارت محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے انجمن تاجران کے نمائندگان کے ساتھ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رانا محمد ابوبکر اور تاجروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور عزاداروں کو بہترین سہولیات کی فراہمی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سٹی روڈ اور کچہری بازار میں جاری بیوٹیفکیشن اور ترقیاتی کام محرم الحرام سے قبل مکمل کر لیے جائیں گے تاکہ جلوسوں اور عزاداروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے فیسکو حکام اور تاجروں پر زور دیا کہ بازاروں میں بجلی کی تاروں اور دیگر رکاوٹوں کو فوری طور پر درست کیا جائے تاکہ تعزیوں اور جلوسوں کی گزرگاہوں میں کوئی مسئلہ پیدا نہ ہو۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جلوسوں کے روٹس پر صفائی ستھرائی، روشنی اور دیگر بلدیاتی سہولیات کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ متعلقہ محکموں کو ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے تاجروں پر زور دیا کہ وہ بازاروں میں تجاوزات کا اس خود خاتمہ ںقینی بنائیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او نے کہا کہ محرم الحرام کے لیے جامع سکیورٹی پلان مرتب کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے تاجروں سے اپیل کی کہ وہ بازاروں اور تجارتی مراکز میں مشکوک افراد اور اشیاء پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی غیر معمولی سرگرمی کی فوری اطلاع پولیس یا سکیورٹی اداروں کو دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ امن و امان کے قیام میں تاجروں کا کردار ہمیشہ مثالی رہا ہے اور اس سال بھی تاجر برادری کے تعاون سے محرم الحرام پرامن انداز میں گزارا جائے گا۔
اجلاس میں انجمن تاجران کے نمائندوں نے انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور محرم الحرام کے دوران امن، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔