*ایس ایس پی حیدرآباد شاہزیب چاچڑ کا سوشل میڈیا پر وائرل رشوت لینے کی ویڈیو کا نوٹس، دو افراد گرفتار*
*ایس ایس پی حیدرآباد شاہزیب چاچڑ* نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کے احکامات جاری کر دیے۔ وائرل ویڈیو میں تھانہ سائٹ کی حدود میں سجاد علی گجر اور نور علی ماچھی کو مبینہ طور پر رشوت کی رقم وصول کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
ایس ایس پی حیدرآباد کی ہدایت پر دونوں افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ ضابطے کے مطابق قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ مزید برآں واقعے کی مکمل اور شفاف انکوائری کیلئے ایس پی ہیڈکوارٹر زین رضا بلوچ کو احکامات بھی جاری کردیے ہیں تاکہ اصل حقائق سامنے لائے جا سکیں اور یہ معلوم کیا جا سکے کہ اس معاملے میں کون کون ملوث ہے۔
اس موقع پر ایس ایس پی حیدرآباد شاہزیب چاچڑ نے کہا کہ رشوت ستانی، بدعنوانی اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث کسی بھی شخص کو ہرگز معاف نہیں کیا جائے گا۔ معاشرے کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی۔