
حیدرآباد شہر میں زائدالمیعاد مشروبات کی فروخت اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائی
حیدرآباد، 18 جولائی: عوامی صحت کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ایک اہم انٹیلیجنس بیسڈ مشترکہ کارروائی اسسٹنٹ کمشنر سٹی حیدرآباد، انٹیلیجنس بیورو (IB) اور سندھ فوڈ اتھارٹی نے حیدرآباد شہر میں زائدالمیعاد (Expired) مشروبات کے ذخیرہ اور فروخت سے متعلق موصول ہونے والی مصدقہ اطلاعات پر کی۔
کارروائی کے دوران معائنہ ٹیم نے ایک گودام پر چھاپہ مارا جہاں بڑی مقدار میں زائدالمیعاد مشروبات برآمد ہوئے۔ جانچ کے دوران یہ بھی انکشاف ہوا کہ زائدالمیعاد مشروبات کو دیگر اسٹاک میں ملا کر رکھا گیا تھا، جس سے انہیں چھپا کر مارکیٹ میں فروخت کرنے کی کوشش ظاہر ہوتی ہے۔
صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر سٹی حیدرآباد سید نور حسین نے مذکورہ گودام کو موقع پر ہی سیل کرنے کے احکامات جاری کیے تاکہ مضرِ صحت مصنوعات کی فروخت اور ترسیل کو فوری طور پر روکا جا سکے۔ سندھ فوڈ اتھارٹی نے فوڈ سیفٹی سے متعلقہ قوانین کے تحت مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر سٹی حیدرآباد سید نور حسین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ زائدالمیعاد، مضرِ صحت یا ملاوٹ شدہ اشیائے خورد و نوش کی ذخیرہ اندوزی اور فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائیاں جاری رکھے گی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ ایسی کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں تاکہ عوام کو محفوظ، معیاری اور صحت بخش خوراک و مشروبات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔