
کراچی:( رپورٹ محمد حسین سومرو) تھانہ زمان ٹاؤن کی حدود، مین روڈ کورنگی نمبر 6 پر بجری سے لدے ڈمپر کی ٹکر سے ہمزہ ولد فاروق نامی بچہ جاں بحق ہوگیا۔
اطلاع ملتے ہی زمان ٹاؤن پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ حادثے میں ملوث ڈمپر کے ڈرائیور کمال ولد گل بادشاہ کو ہجوم سے زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
واقعے کے بعد مشتعل افراد نے حادثے میں ملوث ڈمپر نمبر TKZ-149 کو آگ لگا دی، جبکہ گزرنے والے دوسرے ڈمپر نمبر TAE-356 کو بھی نقصان پہنچایا۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دوسرے ڈمپر کے ڈرائیور عبدالرحیم کو بحفاظت محفوظ مقام پر منتقل کیا۔
ایس ایس پی کورنگی فدا حسین جانوری نے فوری نوٹس لیتے ہوئے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ ایس پی شعبہ تفتیش قیس خان بھی موقع پر پہنچے۔
ایس ایس پی کورنگی نے ایس ایچ او زمان ٹاؤن کو واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات اور ذمہ دار ڈرائیور کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی ہدایت کی۔
علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اضافی پولیس نفری تعینات ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔