حیدرآباد کمشنر حیدرآباد کا میڈیا ٹریننگ سے خطاب، طلبہ کو عوامی مسائل اجاگر کرنے پر زور

حیدرآباد کمشنر حیدرآباد کا میڈیا ٹریننگ سے خطاب، طلبہ کو عوامی مسائل اجاگر کرنے پر زور

حیدرآباد: کمشنر حیدرآباد ڈویژن فیاض حسین عباسی نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا، بالخصوص واٹس ایپ گروپس، انتظامیہ تک ایسی معلومات پہنچانے میں معاون ثابت ہوتے ہیں جو بعض اوقات روایتی ذرائع سے بروقت سامنے نہیں آتیں، تاہم میڈیا اور سوشل میڈیا کے استعمال میں ذمہ داری اور تصدیق کو ملحوظ خاطر رکھنا ضروری ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ویمن میڈیا سینٹر پاکستان (ڈبلیو ایم سی) کے زیر اہتمام حیدرآباد کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقدہ پانچ روزہ میڈیا ٹریننگ پروگرام ’’دی ڈیجیٹل ڈیموکریسی لینڈ اسکیپ: سوشل میڈیا، شہری شرکت اور عوامی رابطہ‘‘ میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

کمشنر حیدرآباد نے کہا کہ میڈیا اور ماس کمیونیکیشن کے طلبہ کو معاشرے کے حقیقی مسائل کی نشاندہی اور زمینی حقائق سامنے لانے میں مثبت کردار ادا کرنا چاہیے، تاکہ انتظامیہ کو عوامی مسائل کے حل اور بہتر فیصلہ سازی میں مدد مل سکے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں ڈیجیٹل میڈیا عوامی رابطے اور شہری شرکت کا ایک اہم ذریعہ بن چکا ہے، اس لیے میڈیا سے وابستہ افراد کو جدید تقاضوں کے مطابق اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرنا چاہیے۔

ورکشاپ میں حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی خواتین صحافیوں، میڈیا پریکٹیشنرز اور ماس کمیونیکیشن کی طالبات کو ڈیجیٹل میڈیا کے بدلتے ہوئے ماحول، سوشل میڈیا کے مؤثر استعمال، عوامی رابطے اور شہری شرکت کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔

تربیتی پروگرام کے دوران شرکاء کو عملی مشقوں، مباحثوں اور انٹرایکٹو سیشنز کے ذریعے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذمہ دارانہ اور مؤثر استعمال کے حوالے سے تربیت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ منتظمین کے مطابق تربیتی پروگرام کا مقصد خواتین صحافیوں، میڈیا کی طالبات اور میڈیا سے وابستہ افراد کو جدید ڈیجیٹل میڈیا کی مہارتوں سے روشناس کرنا اور ذمہ دارانہ و مؤثر ڈیجیٹل کمیونیکیشن کے حوالے سے عملی تربیت فراہم کرنا ہے۔5 روزہ تربیتی پروگرام 6 اکتوبر سے شروع ہوا ہے اور 10 اکتوبر 2026ء تک جاری رہے گا۔

Comments

No comments yet. Why don’t you start the discussion?

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *