چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ نے لمس جامشورو میں انسٹیٹیوٹ آف فارمیسی کی نئی عمارت اور لمس سروس ہسپتال کا افتتاح کر دیا

چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ نے لمس جامشورو میں انسٹیٹیوٹ آف فارمیسی کی نئی عمارت اور لمس سروس ہسپتال کا افتتاح کر دیا

چیف سیکریٹری سندھ کا وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اکرام دین اجن کی شاندار کارکردگی اور یونیورسٹی میں ریکارڈ ترقیاتی کاموں پر خراجِ تحسین، مزید چار سال کے لیے دوسری مدت دینے کا اعلان

جامشورو: چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ نے لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز (لمس) جامشورو کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اکرام دین اجن کے ہمراہ انسٹیٹیوٹ آف فارمیسی کی نئی تعمیر شدہ عمارت اور لمس سروس ہسپتال کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر وائس چانسلر لمس پروفیسر ڈاکٹر اکرام دین اجن نے چیف سیکریٹری سندھ کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں سندھ کی ثقافتی اجرک اور یادگاری شیلڈ پیش کی۔

افتتاحی تقریب کے دوران چیف سیکریٹری سندھ نے یونیورسٹی میں مکمل ہونے والے منصوبوں اور جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اکرام دین اجن کی قیادت میں لمس کی تعلیمی، تحقیقی اور طبی شعبوں میں نمایاں ترقی کو بھرپور سراہا۔

جامشورو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ نے کہا کہ حکومت سندھ صحت اور تعلیم کے شعبوں کی بہتری پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آبادی میں مسلسل اضافے کے باعث سرکاری اسپتالوں پر دباؤ بڑھ رہا ہے، اس لیے طبی سہولیات میں مزید اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔

چیف سیکریٹری سندھ نے کہا کہ لمس کی تعلیمی، تحقیقی اور پیشہ ورانہ سرگرمیاں دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی ہے۔ یونیورسٹی میں مکمل ہونے والے ترقیاتی منصوبے اور جاری ترقیاتی کام قابلِ تعریف ہیں، جو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اکرام دین اجن کی بہترین انتظامی صلاحیتوں، محنت اور لگن کا واضح ثبوت ہیں۔

انہوں نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اکرام دین اجن کی کارکردگی کو خصوصی طور پر سراہتے ہوئے کہا کہ جس انداز میں انہوں نے لمس کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے، وہ قابلِ تحسین ہے۔ ان کی شاندار کارکردگی اور یونیورسٹی میں ریکارڈ ترقیاتی کاموں کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں مزید چار سال کے لیے دوسری مدت دی جا رہی ہے تاکہ ان کی قیادت میں لمس ترقی کی مزید منازل طے کر سکے۔

چیف سیکریٹری سندھ نے کہا کہ انسٹیٹیوٹ آف فارمیسی کی نئی عمارت اور لمس سروس ہسپتال کا قیام یونیورسٹی کی ترقی میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ ان منصوبوں سے نہ صرف تعلیمی اور طبی سہولیات میں اضافہ ہوگا بلکہ طلبہ اور عوام کو بھی فائدہ پہنچے گا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اکرام دین اجن کی قیادت میں لمس مستقبل میں بھی تعلیم، تحقیق اور صحت کے شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دیتی رہے گی۔

اس موقع پر سیکریٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز عباس بلوچ، کمشنر حیدرآباد فیاض حسین عباسی، ڈی آئی جی حیدرآباد طارق دھاریجو سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

Comments

No comments yet. Why don’t you start the discussion?

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *