
حیدرآباد(بیورورپورٹ)
ایم کیو ایم پاکستان کے اراکین سندھ اسمبلی صابر قائمخانی اور راشد خان نے حیدرآباد پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ حیسکو نے نیپرا سے ٹیرف میں اضافے کی درخواست کرکے عوام دشمن رویہ کا ثبوت دیا ہے ۔حیسکو میں انتظامی اصلاحات کی اشد ضرورت تفصیلات کے مطابق
ایم پی اے صابر قائمخانی نے کہا کہ حیسکو کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے لیے نیپرا میں دائر کی جانے والی درخواست سراسر عوام دشمنی ہے، جسے ہم مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہری پہلے ہی 44 روپے فی یونٹ کے ہوشربا بل ادا کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ایک پارٹ ٹائم سی ای او کے ذریعے حیسکو کو چلایا جا رہا ہے جبکہ حیسکو میں فوری طور پر مستقل سی ای او تعینات کیا جائے۔ انہوں نے شکوہ کیا کہ وفاقی وزیر پانی و بجلی اور سیکرٹری پاور نے آج تک حیدرآباد کا دورہ نہیں کیا اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
دوسری جانب، ایم پی اے راشد خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزارت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وفاقی وزیر وزارت کو بادشاہت کی طرح چلا رہے ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ گزشتہ ایک سال سے حیسکو میں بورڈ آف گورنرز تک موجود نہیں ہے۔ راشد خان نے وزیراعظم شہباز شریف سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ وزارتِ پانی و بجلی اور حیسکو کی ناکامی کا فوری نوٹس لیں تاکہ حیدرآباد کے عوام کو اس عذاب سے نجات مل سکے۔