
عقلِ سلیم
پنجاب میں ڈبل ون ڈبل ٹو (1122) عوام کو ہنگامی حالات میں فوری طبی امداد اور بروقت منتقلی کی سہولت فراہم کرنے والا ایک نہایت اہم ادارہ ہے۔ فیصل آباد کے ساحل ہسپتال میں تقریباً پندرہ روز قبل پیش آنے والے ایک واقعے نے اس ادارے کی پیشہ ورانہ مہارت، اخلاقی ذمہ داری اور جرات مندانہ خدمت کا عملی ثبوت پیش کیا۔
ایمرجنسی کی صورتِ حال میں ڈبل ون ڈبل ٹو پر کال کی گئی، جس پر امدادی گاڑی فوری طور پر ساحل ہسپتال پہنچی۔ وہاں ایک ننھی بچی، جو ابھی چند ہی گھنٹوں کی تھی، کی حالت تشویش ناک تھی۔ ڈبل ون ڈبل ٹو کے اہلکاروں نے غیر معمولی پھرتی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بچی کو الائیڈ ہسپتال منتقل کیا۔ اس کے فوراً بعد اس کی والدہ کو بھی الائیڈ ہسپتال منتقل کر دیا گیا تاکہ دونوں کو بروقت اور مناسب طبی امداد مل سکے۔
اس پورے عمل کے دوران ڈبل ون ڈبل ٹو کے اہلکار عمر فاروق اور سلیمان رضا نے جس مستعدی، ہمدردی اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا، وہ قابلِ تحسین ہے۔ ان کی بروقت کارروائی اور مسلسل بھاگ دوڑ کے باعث ماں اور بیٹی کو فوری طبی سہولت میسر آئی۔ آج، پندرہ روز بعد، دونوں ماں بیٹی صحت یاب ہو کر الائیڈ ہسپتال سے اپنے گھر واپس جا چکی ہیں۔ یہ خوشی یقیناً اللہ تعالیٰ کی رحمت کے ساتھ ساتھ ڈبل ون ڈبل ٹو کے ان فرض شناس اہلکاروں کی محنت کا نتیجہ بھی ہے۔
ہم ڈبل ون ڈبل ٹو کے اس عظیم ادارے کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، جو مشکل گھڑی میں عوام کے لیے امید، تحفظ اور فوری مدد کا ذریعہ بنتا ہے۔ بالخصوص عمر فاروق اور سلیمان رضا جیسے اہلکار اس ادارے کا قابلِ فخر سرمایہ ہیں، جو اپنی جانفشانی سے انسانیت کی خدمت کر رہے ہیں۔
اللہ تعالیٰ ڈبل ون ڈبل ٹو جیسے عوامی خدمت کے ادارے کو مزید ترقی عطا فرمائے، اس کے تمام اہلکاروں اور ان کے والدین کو صحت، سلامتی اور خوشیاں نصیب کرے، اور عوام کی خدمت کا عزم رکھنے والے ان نوجوانوں کو زندگی کے ہر میدان میں کامیابی عطا فرمائے۔
کالم نگار: سید سلیم شہزاد جیلانی