
حیدرآباد ( )، گندم کی اوپن مارکیٹ میں قیمتوں میں اضافے کے باعث آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس حیدرآباد میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر، بیورو آف سپلائی اینڈ پرائسز کے افسران، فلور ملز ایسوسی ایشن، آٹا چکی اونرز ایسوسی ایشن، کریانہ مرچنٹس ایسوسی ایشن، سپرمارکیٹس کے نمائندگان اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ اوپن مارکیٹ میں 100 کلو گرام گندم کی بوری 11,500 سے 11,800 روپے تک فروخت ہو رہی ہے، جس کے باعث حیدرآباد میں آٹے کی قیمت 150 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔ عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور یکساں نرخوں پر آٹے کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے باہمی مشاورت سے نئے نرخ مقرر کیے گئے۔
اجلاس میں اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ فلور ملز کے لیے آٹے کی ہول سیل فی کلو قیمت 127 روپے جبکہ ریٹیل قیمت 130 روپے فی کلو مقرر ہوگی۔ اسی طرح آٹا چکیوں اور دوکانوں کے لیے ہول سیل قیمت 145 روپے فی کلو اور ریٹیل قیمت 148 روپے فی کلو مقررکردی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مقررہ نرخوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور زائد قیمت وصول کرنے، ذخیرہ اندوزی یا ناجائز منافع خوری کے مرتکب عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ اگر کوئی دکاندار سرکاری نرخوں سے زائد قیمت وصول کرے تو فوری طور پر ضلعی انتظامیہ کو اطلاع دیں تاکہ قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
اجلاس کے اختتام پر تمام متعلقہ ایسوسی ایشنز اور نمائندگان نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے سرکاری طور پر مقرر کردہ نرخوں پر عملدرآمد کرنے پر اتفاق کیا۔