ننکانہ صاحب (بیورورپورٹ) ملک بھر کی طرح ضلع ننکانہ صاحب میں بھی یوم یکجہتی کشمیر کی تقریبات اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے مرکزی تقریب ضلع کونسل ہال میں منعقد ہوئی۔تقریب میں ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید ندیم عباس ، ممبر صوبائی اسمبلی مہر کاشف پڈھیار ،اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ وجیہہ ثمرین ، سیاسی ضلعی افسران ، سیاسی رہنماو¿ں، سکھ کمیونٹی ، صحافی برادری ، علماءاکرام سمیت شہریوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔تقریب کے دوران سکول کے بچوں نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے تقاریر ، ملی نغمے اور ٹیبلوز پیش کیے۔تقریب کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے ممبر صوبائی اسمبلی مہر کاشف رنگ الہی پڈھیار نے کہا کہ نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی لمبی تاریخ رقم ہو چکی ہے ، کشمیر پاکستان کے جسم کا اہم حصہ ہے ،کشمیر کے لیے پیار ، محبت اور ہمدردی دل سے کوئی بھی نہیں نکال سکتا۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو عالمی امن کیلئے کشمیر اور فلسطین کے مسئلے سے گریزاں نہیں کرنا چاہیے ، بھارتی غاصب حکمرانوں کی چالاکیاں اب کھل کر سامنے آ چکی ہیں۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ننکانہ صاحب سید ندیم عباس نے تقریب کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام کسی صورت کشمیر کی آزادی کے مطالبے سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے گی ، بلاشبہ کشمیر سیاسی اور قومی اعتبار سے پاکستان کی شہ رگ ہے ، ہمارے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور پاکستان کا ہر بچہ بچہ کشمیر اور فلسطین کی آزادی کیلئے دعا گو ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے مقبوضہ کشمیر میں تمام مظالم کی انتہا کر دی ہے ، لاکھوں کشمیریوں کے خون سے آزادی کی تاریخ لکھی جاچکی ہے ، آج کا دن شہیدوں کے خون کے ایک ایک قطرے کے ساتھ اظہار یکجہتی کا دن ہے۔ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے تقریب کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان سے کشمیر میں لوگوں کو آباد کروا کر مسلمانوں کی اکثریت کم کرنے کی سازشیں جاری ہیں ، عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لینا چاہیے ، ہم تمام محاذوں پر اپنے کشمیری بھائیوں کے مفاد اور آزادی کیلئے پوری قوت صرف کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اگر دعا سے مسئلہ حل ہوتا تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کبھی تلوار نہ اٹھاتے ، تاریخ گواہ ہے کہ پاکستان نے کشمیر کی آزادی کے مسئلے کو کبھی پس پشت نہیں ڈالا اور انشاءاللہ ایسا کبھی نہیں ہوگا۔تقریب کے اختتام پر ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ڈی سی آفس سے گوردوارہ جنم استھان تک ریلی بھی نکالی گئی ، تحصیل شاہکوٹ اور تحصیل سانگلہ ہل میں بھی تقریبات اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا ، ریلیوں میں ممبران اسمبلی ، ضلعی افسران ، سٹوڈنٹس سمیت شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی ، ریلیوں کے شرکاءنے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے ، ریلیوں کے شرکاءنے پاکستان زندہ باد ، کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگائے۔